پریس ریلیز
سی ڈی اے کا مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع چونترہ گاؤں میں قبضہ مافیا کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائی۔ سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات مسمار، 115 کنال سرکاری اراضی واگزار
اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 2 نومبر، 2021): وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے منگل کے روز مارگلہ پہاڑی کے دامن میں واقع چونترہ میں سرکاری اراضی پر ہونیوالی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسلام پولیس کی بھاری نفری سی ڈی اے عملے کی معاونت کے لئے موجود رہی۔
اس آپریشن کے دوران، چونترہ گاؤں میں 42 دوکانوں بمعہ برآمدے پر مشتمل ایک غیر قانونی مارکیٹ کو مکمل طور پر مسمار کردیا گیا اس کے علاوہ 50 کمرے، 21 چار دیواریاں، 13 گیٹ،1 ہال، 25 ڈی پی سی، 26 باتھ رومز، 19 کچن اور 17 گراونڈ واٹر ٹینک بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دئیے گئے
اس کارروائی کے نتیجے میں تقریباً 115 کنال سرکاری اراضی بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔
اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا ہے کہ جنگلات کے تحفظ کی خاطر غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔